غربت کے خاتمے کے لیے نچلی سطح پر شروع کیے جانے والے  اقدامات اہمیت کے حامل ہیں ، عطا اللہ تارڑ

4

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے غربت کے خاتمے اور محروم طبقات کے معاشی امکانات بہتر بنانے کے لیے پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نچلی سطح پر شروع کیے جانے والے ایسے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں جو معاونت کو عملی معاشی مواقع میں تبدیل کرتے ہیں۔

پی پی اے ایف کی جانب سے اسلام آباد میں جامع اور مستحکم معاشی خودمختاری و ترقی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات لوگوں کو کاروبار قائم کرنے، معیار زندگی بہتر بنانے اور معاشی خودمختاری حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

کانفرنس میں حکومتی رہنماؤں، بین الاقوامی مندوبین، ترقیاتی شراکت داروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد غربت کے پائیدار حل تلاش کرنے، روزگار کے مواقع مضبوط بنانے اور کمزور طبقات کو دیرپا معاشی خودمختاری کے حصول میں مدد دینے کے لیے اقدامات پر غور کرنا ہے۔