اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ غربت میں پائیدار کمی کے لیے سماجی تحفظ کو روزگار، فنی تربیت، مالی وسائل اور منڈیوں تک رسائی کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے تاکہ کمزور طبقات کو معاشی خودمختاری کے حصول میں مدد دی جا سکے۔
پی پی اے ایف کی جانب سے اسلام آباد میں جامع اور مستحکم معاشی خودمختاری و ترقی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کمزور طبقات کی معاونت اور خاندانوں کو دیرپا معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ اور پاکستان بیت المال سمیت متعلقہ اداروں کے کردار کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے موقع پر قائم نمائشی گیلری میں مختلف کاروباروں اور روزگار کے منصوبوں کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کاروباری افراد سے ان کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کی اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خاندانوں کے معاشی تحفظ کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔











