اسلام آباد،14 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیراعظم اپنا گھر، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی اور مالی وسائل تک رسائی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنا گھر،ایس ایم ایز اور زراعت کے شعبوں کو قرضوں کی بروقت فراہمی ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں،سیکرٹریز اور اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ایز،زراعت اور ہاؤسنگ فنانس کےشعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی اور کہا کہ جاری اسکیموں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز حاصل کی جائیں۔
انہوں نے مشاورتی عمل رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کرکے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے غیر فعال پاسکو کے گوداموں اور سائلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ گوداموں اور سائلوز کی نجی شعبے کے تعاون سے کسانوں کی اجناس محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ فنانس کے لیے غیر متنازع ملکیتی دستاویزات کا حصول آسان بنایا جائے۔وزیراعظم نے ڈیویلپرز فنانس سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو ہاوسنگ،زرعی شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی کے اعداد وشمار پیش کئے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینکوں کی جانب سے تینوں ترجیحی شعبوں کے لیے ادارہ جاتی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ڈیویلپرز فنانس کے فروغ کے لیے کام جاری ہے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 448 ارب روپے مالیت کے 75 ہزار 198 قرضوں کی منظوری ہوئی ہے اب تک 14 ہزار افراد کو 76 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا رواں سال 125,000 رہائشی یونٹس کے لیے 700 ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ہاؤسنگ فنانس کے حوالے سے درخواستوں پر کارروائی کا دورانیہ کم کرکے صرف 15 کاروباری دن تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ ہاؤسنگ فنانس کے لیے دستاویزات کی تعداد 25 سے کم کرکے صرف 5 کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے قرضوں کا مجموعی حجم 1352 ارب روپے ہے، جس سے 34 لاکھ 55 ہزار افراد مستفید ہوئے،جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 1,500 ارب روپے اور مستفید ہونے والوں کی تعداد 45 لاکھ کا ہدف مقرر ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ای شعبے کے 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو 1,137 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں،جون 2027 تک ایس ایم ای شعبے کے قرضوں کا حجم 1,500 ارب روپے اور قرض حاصل کرنے والے کاروباری اداروں کی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار کا ہدف مقرر ہے۔ایس ایم ایز کے لیے نظرثانی شدہ ضوابط اور ہاؤسنگ فنانس کے طریقہ کار کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کےلئے اقدامات لئے جارہے ہیں۔
علاوہ ازیں،قرضوں کی فراہمی میں مشترکہ رسک شیئرنگ،سپلائی چین فنانسنگ کے فروغ ،مستند ڈیٹا شیئرنگ اور دیگر جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دے گئی۔











