ملتان میں پہلی بار 212 خواتین فاریسٹ رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، محکمہ جنگلات میں خواتین پرمشتمل فورس قائم

1

ملتان،14 اکتوبر (اے پی پی): پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین فاریسٹ رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی،جس میں پنجاب بھر سے بھرتی ہونے والی 212 خواتین فاریسٹ رینجرز نے دو ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد شرکت کی۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں 30 انسپکٹرز جبکہ 182 دیگر فاریسٹ رینجرز شامل ہیں۔

خواتین فاریسٹ رینجرز کو ویپن ہینڈلنگ،قوانین اور دیگر پیشہ ورانہ امور کی تربیت دی گئی ہے۔ یہ خواتین جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور محکمہ جنگلات کے دیگر حفاظتی فرائض انجام دیں گی۔ اس اقدام کے تحت پنجاب کے محکمہ جنگلات میں خواتین پر مشتمل باقاعدہ فورس قائم کی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فاریسٹ اظفر ضیاء نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کم بجٹ کے حامل محکمہ جنگلات نے ایک بڑا ہدف حاصل کیا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ جنگلات کو منظم فورس بنانے کے لیے اقدامات کیے، جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی محکمے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں محکمہ جنگلات کے پاس تقریباً ساڑھے سولہ لاکھ ایکڑ رقبہ موجود ہے، تاہم ماضی میں اتنے بڑے رقبے کے باوجود نہروں اور سڑکوں کے کنارے درختوں کی مناسب تعداد نظر نہیں آتی تھی۔ اب محکمہ جنگلات کو مؤثر تحفظ فراہم کرنے کے لیے افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے اور فارسٹ گارڈز کی جگہ ایک ہزار فارسٹ رینجرز تعینات کیے گئے ہیں۔

ڈی جی فاریسٹ کے مطابق تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اور نئے ریکروٹس کو مسلح کرنے کے ساتھ بہترین پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ جنگلات کی تاریخ میں تقریباً 70 سال بعد قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو بھی اس شعبے میں آگے آنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

اظفر ضیاء نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ جنگلات کی فرنٹ لائن پروٹیکشن فورس میں خواتین کو نمائندگی دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب ان کا اپنا گھر ہے اور انہیں فخر ہے کہ ملتان پولیس ٹریننگ کالج میں فاریسٹ رینجرز کو بہترین تربیت فراہم کی گئی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ محکمہ جنگلات کو ایک مؤثر پروٹیکشن فورس کے طور پر حوصلے، جرات اور ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس اقدام کو جنگلات کے تحفظ،غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور محکمہ جنگلات کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔