چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کی راولپنڈی کی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آگاہی مکالمے میں شرکت

5

 لاہور، 14 اکتوبر ( اے پی پی )  چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے راولپنڈی کی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آگاہی مکالمے میں شرکت کی۔مکالمے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد  نے کہا کہ سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن  کے زیر اہتمام ’’بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے‘‘ کے عنوان سے آگاہی مہم کا آغاز  کر دیا ہے ،مہم کے تحت راولپنڈی کے سرکاری و نجی اسکولوں میں زیر تعلیم تقریباً 30 ہزار بچوں اور ان کے والدین کو بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔بچوں کو تشدد، بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔بچوں کے تحفظ کے لیے تعلیمی اداروں، والدین اور متعلقہ سرکاری اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے  اساتذہ اور والدین میں بچوں کے تحفظ کی پالیسیوں اور دستیاب معاونتی خدمات سے متعلق آگاہی بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ بچوں سے بدسلوکی اور استحصال کی بروقت نشاندہی اور رپورٹنگ کے مؤثر نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،ہر بچے کو محفوظ، پُرامن اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،بچوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی، ان کے حقوق کے تحفظ اور بدسلوکی کی روک تھام کے لیے حکومتی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ آگاہی مہم کا بنیادی پیغام، بچوں کا تحفظ صرف کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے، مکالمے میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی اور اراکین پنجاب اسمبلی طاہرہ مشتاق، تحسین فواد اور رفعت عباسی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ عمرانیات کی سربراہ ڈاکٹر عدیلہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔