وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی جاری مختلف پروگراموں کا جائزہ

3

لاہور14 اکتوبر(اے پی پی)وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی جاری مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ، سپیشل سیکرٹریز ارشد بیگ، سید موسیٰ رضا، شاہد زمان لک، ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔

 اس موقع پر محکمہ بلدیات کے تمام انتظامی افسروں میں اضلاع کی ذمہ داریاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر افسر تفویض کردہ اپنے ضلع کا ہفتے میں کم از کم ایک بار لازمی دورہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کو متعدد بڑے منصوبوں کی نگرانی سونپی گئی ہے۔ ان منصوبوں کا 13 کروڑ عوام کے ساتھ براہ راست تعلق ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام اور وزیراعلی کے اعتماد پر پورا اترنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام افسران فیلڈ میں جا کر اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ افسران دیہات تک صفائی نظام مزید بہتر بنانے کیلئے اچانک دورے کریں۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے اچانک دوروں کیلئے خصوصی پروفارما بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی واٹس ایپ گروپس میں تصویری شواہد لازمی شیئر کئے جائیں۔