بنکاک،15 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کے حصول پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ صنعتی و زرعی شعبوں کی بحالی سے معاشی نمو کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بات بینکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اٹلانٹک کونسل کے مائیکل کوگل مین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور محصولات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ نجکاری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معیشت میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھائی جا رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ، روزگار کے مواقع، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کو بھی اہمیت دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کی معاونت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی میں تنوع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور قرضوں کے پائیدار انتظام کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالیاتی شمولیت، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور ٹیکنالوجی کی مہارتوں کے فروغ کو معاشی کارکردگی، شفافیت اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔











