چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس، فیصل آباد میں کیمل ملک پروسیسنگ پلانٹ کیلئے اراضی فراہم کرنے کا فیصلہ

5

لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں ای ایل سی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کو کیمل ملک پاؤڈر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کیلئے چار ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمپنی کے چیئرمین احتشام الحق نے بتایا کہ پلانٹ کی مشینری کا آرڈر دیا جا چکا ہے، جو آئندہ چھ ماہ میں پہنچ جائے گی۔ پلانٹ میں تیار ہونے والا اونٹنی کے دودھ کا خشک پاؤڈر سعودی عرب، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کو برآمد کیا جائے گا۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نئی صنعتوں کے قیام سے برآمدات میں اضافہ، معیشت مضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں فیڈمک، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، پیڈمک اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔