پاکستان میں سٹارٹ اپس، نوجوانوں اور کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کے لیے آسان فنانسنگ اشد ضروری ہے، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی کا یونیسف کے وفد سے گفتگو

5

لاہور، 15اکتوبر( اے پی پی ):   لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں  نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے آسان شرائط پر فنانسنگ اشد ضروری ہیں تاکہ وہ اپنے منصوبوں کو عملی شکل دے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کردار ادا کریں۔ وفد کی سربراہی یونیسف کے چیف آف فیلڈ آفس رامز بہبودوف کررہے تھے۔ سردار عثمان غنی نے کہا کہ نئے اسٹارٹ اپس کو ابتدائی مرحلے میں مالی مشکلات، کاروباری رہنمائی اور مارکیٹ تک رسائی جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آسان شرائط پر قرضوں اور دیگر مالی سہولیات کی فراہمی سے ان مشکلات کو کم کیا جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں خود روزگاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری افراد کو بھی مساوی مواقع، مناسب مالی معاونت اور کاروباری رہنمائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھنے سے نہ صرف ان کے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر ہوسکتی ہے بلکہ مجموعی قومی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو محض ملازمت کے مواقع تلاش کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں کاروبار شروع کرنے، جدت اپنانے اور روزگار فراہم کرنے کے قابل بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے مالیاتی اداروں، سرکاری اداروں، نجی شعبے اور ترقیاتی تنظیموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔سردار عثمان غنی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اہم اثاثہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کی ترقی، معاشی شمولیت اور کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا جاسکے گا۔یونیسیف کے چیف آف فیلڈ آفس رامز بہبودوف نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے اور ان کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے سینئر نائب صدر لاہور چیمبر سردار عثمان غنی کو پاکستان میں یونیسف کی سرگرمیوں سے بھی آگاہی دی۔