پاکستان 2027 میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا

3

بنکاک، 16 اکتوبر(اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور اور ورلڈ بینک گروپ میں پاکستان کے گورنر احد خان چیمہ کو 2027 کے لیے ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈز آف گورنرز کا آئندہ چیئرمین باضابطہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے۔ یہ اعلان بینکاک میں ڈبلیو بی جی اور آئی ایم ایف کے 2026 کے سالانہ اجلاسوں کے پلینری سیشن میں کیا گیا۔

پاکستان 1953 کے بعد پہلی مرتبہ اس عہدے پر فائز ہوگا، جو ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ اس سربراہی کے ذریعے پاکستان کو عالمی اقتصادی و ترقیاتی امور پر مباحثے میں کردار ادا کرنے اور کثیرالجہتی نظام کے لیے ایک اہم مرحلے پر رکن ممالک کے درمیان تعمیری مکالمے کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔

پلینری سیشن کے بعد احد خان چیمہ کو ورلڈ بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکریٹریٹ نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکریٹری ارادھانا کمار کپور سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت اور رابطہ کاری پر تبادلۂ خیال کیا۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے پیراگوئے کے مرکزی بینک کے گورنر اور بورڈز آف گورنرز کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کاروالو اسپالڈنگ کو کامیابی سے مدتِ عہدہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور ان کی قیادت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے چیئرمین کے منصب کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا۔

 اس موقع پر سبکدوش ہونے والے چیئرمین کے تجربے اور بصیرت سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملا۔ملاقاتوں کے دوران احد خان چیمہ نے ترقی پذیر ممالک کی آواز مؤثر بنانے، ترقیاتی مالی وسائل کی مؤثر اور قابلِ پیش گوئی فراہمی، کثیرالجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور پائیدار و جامع ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔

 انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تعمیری مکالمے کو فروغ دینے اور زیادہ مؤثر کثیرالجہتی ترقیاتی و مالیاتی نظام کے قیام میں کردار ادا کرنے کے لیے ڈبلیو بی جی، آئی ایم ایف اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔