بڈاپسٹ : پہلے پاکستان رائس فیسٹیول کا انعقاد، پاکستانی باسمتی متعارف

3

بڈاپسٹ، 17 اکتوبر ( اے پی پی): ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں پہلے پاکستان رائس فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے، وزارتِ تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا گیا جس میں پاکستانی باسمتی چاول کو ہنگری کے درآمد کنندگان، شیفس اور فوڈ انڈسٹری کے نمائندوں میں متعارف کرایا گیا۔

فیسٹیول میں پاکستانی بریانی کی تیاری کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکاء نے خصوصی دلچسپی لی۔ تقریب میں پاکستانی ہمالیائی پنک سالٹ سمیت دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائی گئیں جبکہ شرکاء میں پاکستانی چاول کے نمونے اور ہنگری زبان میں تیار کردہ خصوصی ریسیپی بک تقسیم کی گئی۔

ہنگری کے درآمد کنندگان، کاروباری شخصیات، معروف شیفس اور سفارتی نمائندوں نے فیسٹیول میں شرکت کی اور شرکاء کو 23 سے 26 نومبر تک کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 نمائش میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ہنگری میں پہلے پاکستان رائس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زرعی مصنوعات کو براہِ راست یورپی خریداروں تک پہنچانا نئی منڈیوں کے حصول کا مؤثر ذریعہ ہے، حکومت زرعی و غذائی برآمدات بڑھانے اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی باسمتی چاول عالمی سطح پر ملک کی نمایاں برآمدی شناخت ہے اور عالمی منڈیوں میں اس کی بڑھتی طلب کسانوں اور برآمد کنندگان کے لیے حوصلہ افزا ہے، پاکستانی سفارتخانے نئی منڈیوں میں ملکی زرعی و غذائی مصنوعات کو فروغ دے رہے ہیں اور غیر روایتی عالمی منڈیوں میں تجارتی و سرمایہ کاری روابط کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی سفیر آصف حسین میمن، ٹریڈ اتاشی شہریار امجد قیصرانی اور ٹی ڈی اے پی کی کاوشوں کی تعریف بھی کی۔پاکستانی سفیر آصف حسین میمن نے کہا کہ پاکستانی باسمتی چاول جغرافیائی شناخت کے تحت محفوظ عالمی شہرت یافتہ برانڈ ہے۔