بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری میں شرکت کے لیے بحرین سمیت 6 ممالک کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں

8

اسلام آباد، 19 اکتوبر ( اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والے  بین الاقوامی ویمنز ٹیم ٹینس ٹورنامنٹ “بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری” کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

 یہ  چیمپئن شپ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ میں شرکت کے لیے مالدیپ، ایران، کویت، قطر اور اردن کے بعد بحرین کی قومی ٹیم بھی اسلام آباد پہنچ گئیں۔

 ایونٹ میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر سمیت آٹھ ممالک کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے مہمان ٹیموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس ایونٹ کی میزبانی ملک میں خواتین کے ٹینس کے فروغ اور بین الاقوامی کھیلوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔