راولپنڈی ،19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات ہونے والے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں معزز شخصیات نے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ کے فریم ورک کے تحت اب تک ہونے والی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور سٹریٹجک کوآرڈینیشن کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر کو نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی کے دوران پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے مابین مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور سٹریٹجک شراکت داری پر استوار تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔











