اسلام آباد،19 اکتوبر (اے پی پی): جرمنی میں پاکستان کے سفیر سلمان شریف نے باضابطہ طور پر اپنی سفارتی اسناد جرمن صدر فرینک والٹر اسٹین مائر کو پیش کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سفارتی اسناد پیش کرنے کی باضابطہ تقریب برلن کے صدارتی دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران سفیر سلمان شریف نے صدر مملکت، وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے جرمن صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی قیادت جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سفیر سلمان شریف نے واضح کیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور توانائی کی شراکت داری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
جرمن صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور ان کی کامیاب سفارتی مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جرمن صدر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور بتایا کہ وہ رواں ہفتے صدرِ پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔











