ملتان میں بلیک پیپر، غیر قانونی پولیس لائٹس، خطرناک ایچ آئی ڈی لائٹس اور تیز رفتاری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

14

ملتان ،20 اکتوبر(اے پی پی):  وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل کی ہدایات پر سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ گاڑیوں کے شیشوں پر غیر قانونی بلیک پیپر لگانے، غیر مجاز پولیس لائٹس استعمال کرنے، خطرناک ایچ آئی ڈی لائٹس نصب کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سی ٹی او ملتان محمد نبیل کھوکھر کی ہدایت پر شہر بھر میں گاڑیوں کی چیکنگ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے شیشوں سے غیر قانونی بلیک پیپر فوری طور پر ہٹوائیں، غیر مجاز پولیس لائٹس کے استعمال سے گریز کریں اور ایسی تیز روشنی والی لائٹس نصب نہ کریں جو دیگر ڈرائیوروں کے لیے پریشانی اور حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہری دورانِ ڈرائیونگ مقررہ حدِ رفتار کی پابندی کریں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق قوانین کی پابندی محفوظ سفر اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ شہری ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اپنائیں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کرتے ہوئے سڑکوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔