ملتان، 20 اکتوبر (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ ملتان نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ اور عوامی مقامات پر غیر قانونی ری فلنگ میں ملوث 8 دکانیں سربمہر کر دیں، جبکہ 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ری فلنگ کا سامان اور مشینری بھی قبضے میں لے لی گئی اور ملزمان کے خلاف 8 مقدمات درج کر لیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران انکشاف ہوا کہ مختلف مقامات پر کمرشل گاڑیوں کے سلنڈرز میں غیر قانونی طور پر گیس بھری جا رہی تھی، جو انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے بتایا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سول ڈیفنس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات اور کمرشل گاڑیوں میں غیر قانونی ری فلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔











