صدر مملکت آصف علی زرداری کی مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات، پاکستان اور مالدیپ کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

9

اسلام آباد،21اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط سیاسی خیرسگالی کو تجارت، سرمایہ کاری، روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں میں اضافے میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تعلیم، صحت، انسانی وسائل کی ترقی، سماجی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مالدیپ کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی  جنہوں نے  بدھ کو ایوان صدر میں  ان سے ملاقات کی۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات  میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر محمد معیزو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہےجو مشترکہ عقائد، باہمی اعتماد، خودمختاری کے احترام اور پائیدار خیرسگالی پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر مالدیپ کے صدر کا سرکاری دورہ دوطرفہ شراکت داری کو نئی تقویت فراہم کر رہا ہے۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت آصف زرداری نے مالدیپ کی ترقی میں پاکستان کے دیرینہ کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت مالے میں پارلیمنٹ کی عمارت اور سکول آف میڈیسن دونوں ممالک کی دوستی کی دیرپا علامتیں ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ان ممالک پر غیرمتناسب اثرات کو تسلیم کیا جو قدرتی آفات اور ماحولیاتی خطرات سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، خصوصاً چھوٹی جزیرہ ریاستوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے دوچار ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔صدر مملکت آصف زرداری نےمالدیپ کے صدر کے پچاس لاکھ پودے  لگانے کے اقدام کی حمایت سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے، ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مالدیپ کے ساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکرات، سفارت کاری، خودمختار مساوات، باہمی احترام اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ وزیر خارجہ اریتھیشام آدم، وزیر دفاع و قومی خدمات حسن رشید، وزیر داخلہ و سلامتی، محنت اور ٹیکنالوجی علی احسان، وزیر اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید اور مالدیپ کے پاکستان میں ہائی کمشنر محمد تھوہا بھی موجود تھے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن نقوی، وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی نوید قمر، سیکرٹری خارجہ اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور ان کے وفد کے اعزاز میں ریاستی ضیافت  کا اہتمام کیا ۔ ضیافت میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا، وفاقی کابینہ کے ارکان، پارلیمنٹیرینز اور سفارتی کور کے نمائندوں نے شرکت کی۔