وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی حریت قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس

9

اسلام آباد، 26 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں،بھارت نے برسوں مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم رکھا ہے۔

انھوں نے 27اکتوبر،یوم سیاہ کے حوالے سے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی غاصب فوجوں کے داخل ہونے کے دن کو ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا،پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا، معرکہ حق کے بعد یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ کشمیریوں کو ضرور حق خودارادیت ملے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو 79 سال ہوگئے، کشمیری عوام تاحال حق خود ارادیت سے محروم ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم کا اتفاق رائے ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام جرات اور بہادری سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 79 سال سے کشمیری عوام بھارتی جبر و تشدد کا سامنا کر رہے ہیں،مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں  اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے،27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے جب کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کشمیر میں بھارتی قابض افواج داخل ہوئیں،کئی دہائیوں کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری اپنے حق خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹے، انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھرپور انداز میں منایا جائے گا،دنیا کو اس حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جائے گی۔