وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز کا اجلاس

4

اسلام آباد، 26 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز  کا اجلاس وزارت خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف مینجمنٹ میں آزاد ڈائریکٹرز کی نامزدگیوں، اسٹریٹجک ڈیجیٹل والٹ کمپنی کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری اور کلین انوائرمنٹ فنڈ کمپنی کو فعال بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ تجاویز کی منظوری دیتے ہوئے اداروں کے انتظامی اور عملی ڈھانچے کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔

اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے پاکستان فارما ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے قیام سے متعلق تجویز بھی زیر غور آئی۔ کمیٹی نے وزارت تجارت کو متعلقہ فریقین سے مزید مشاورت کے بعد تجویز دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کلین انوائرمنٹ فنڈ کمپنی کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، بحالی اور بہتری کے اقدامات کے لیے وسائل کی فراہمی اور مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔