اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا اقوام عالم کے منہ پر ایک طمانچہ ہے،ہمیں دنیا بھر میں مہذب اقوام کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے چاہئیں، کشمیریوں کو ضرور حق خودارادیت ملے گا،ان کی قربانیوں کی ایک وسیع تاریخ ہے،پاکستان کی سرزمین سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے واضح اور بار بار پیغام جانا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی رکن تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا،بھارت میں مسلمان خوف زدہ ہے،وہاں انہیں مذہبی ازادی نہیں ہے، ایسے حالات میں وہاں مزید پاکستان اور بنگلہ دیش بنیں گے، وہاں مساجد کو گرایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہم عزت و احترام سے مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے، کشمیریوں کو ضرور ان کا حق ملے گا،انڈیا ہمارے پانی کو بند نہیں کرسکتا۔
کرن حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کس قدر ہیں کہ انہیں آزادی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔نعیمہ کشور نے کہا کہ آج یوم سیاہ کشمیر ہے جس دن بھارت نے کشمیر میں اپنی افواج داخل کیں۔عالیہ کامران نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کروا سکا، اس کے مقابلے میں ایسٹ تیمور میں قراردادوں ہر فوری عمل کیاگیا، اقوام عالم اپنا دوہرا معیار ترک کریں، اس مسئلہ کے حل کے بغیر اس خطے میں امن ممکن نہیں۔
پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ آج کے دن کشمیر میں بھارتی جارحیت کا آغاز ہوا، کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے،ان سے استصواب رائے کا وعدہ کیاگیا تھا تاہم اس پر عمل نہیں ہوسکا۔
طاہرہ اورنگ زیب نے کہا کہ کشمیریوں کو خون رائیگاں نہیں جائے گا،کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔
ایم کیو ایم کی رکن آسیہ اسحاق نے کہا کہ آج کے دن کشمیر پر قبضہ کرکے مسلمانوں کی شہ رگ کاٹ دی گئی لیکن کشمیر ضرور آزاد ہوگا، بھارت مئی 2025ء سے پہلے علاقے کا چوہدری بنا پھرتا تھا گزشتہ سال جو دھول اسے مسلح افواج نے چٹائی اس کے ہوش ٹھکانے آگئے ہیں، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے،وہ وقت قریب ہے جب کشمیر بنے گا پاکستان۔
غزالہ انجم نے کہا کہ 70 سال سے جاری مظالم کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے،ہمارے اجداد نے کشمیر کی آزادی کی جنگ میں عملی حصہ لیا،ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
گل اصغر خان نے کہا کہ کشمیر میں آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا جاتا ہے،ہم کشمیریوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ایک دن کشمیر ضرور آزادہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔









