کمشنر ملتان کی زیرِ تربیت سول سروس افسران سے ملاقات، عوامی خدمت کو اولین ترجیح دینے پر زور

10

ملتان ، 4 نومبر(اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ سول سروس محض مراعات اور عہدوں کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی اہم ذمہ داری ہے۔ سول سرونٹس کو عہدے اور اختیارات کے بجائے عوامی خدمت اور بہتر سروس ڈلیوری کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔ افسران واضح سوچ، مضبوط کمٹمنٹ اور کمفرٹ زون سے باہر نکل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کریں کیونکہ صرف فائلیں نمٹانا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ اصل مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

وہ زیرِ تربیت 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام(سی ٹی پی) کے سول سروس افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ کمشنر نے کہا کہ افسران کو اپنے دورِ ملازمت میں ایسے عملی اقدامات کرنے چاہئیں جن کی بدولت ریٹائرمنٹ کے بعد بھی لوگ انہیں ان کی خدمات کی وجہ سے یاد رکھیں۔ ایک افسر کی ذاتی دلچسپی، عزم اور وژن پورے ضلع اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے دورِ انتظامیہ کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مادرِ علمی سے رابطہ مہم کے تحت ملتان ڈویژن کے 14 تعلیمی اداروں میں تقریباً 40 کروڑ روپے کی لاگت سے بہتری کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ جلال پور پیروالا کے ایک تباہ حال سرکاری سکول کو نواز شریف سکول آف ایکسیلنس پروگرام کے تحت بحال کروایا گیا، جبکہ پنجاب میں جماعت اول سے ششم تک سوک سینس اینڈ لائف اسکلز کا نیا مضمون متعارف کروانے میں بھی کردار ادا کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں 320 سماعت سے محروم بچوں کو ہیرنگ ایڈز فراہم کرنے کے ساتھ ان کی سپیچ تھراپی بھی شروع کروائی گئی۔ نومولود بچوں میں بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لیے پیدائش کے بعد میڈیکل سکریننگ کا نظام متعارف کروانے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ بچوں کو ابتدائی عمر میں ہی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کمشنر نے انتظامی امور میں شفافیت کے حوالے سے بتایا کہ ملتان میں سب رجسٹرار آفس کے کرپشن نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کروایا گیا۔ رجسٹریوں کے آڈٹ کے دوران ایف بی آر ٹیکس کی مد میں 23 کروڑ روپے کی ممکنہ بے ضابطگی سامنے آئی، جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اور ایف بی آر کے ڈیٹا کی ہم آہنگی کے ذریعے ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانے کے اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان وہاڑی روڈ کے ترقیاتی منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ سماجی فلاح و بہبود کے تحت خیر کا سفر مہم کے ذریعے گزشتہ سال 12 ہزار سے زائد مستحق افراد میں مفت کپڑے تقسیم کیے گئے، جبکہ من و سلویٰ فوڈ پوائنٹس کے ذریعے اب تک تقریباً ساڑھے چار لاکھ افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جا چکا ہے۔

عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان کی ادبی و ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے شہر کی معروف ادبی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ان کے گھروں کے باہر یادگاری تختیاں نصب کی گئیں۔ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی کے جامع منصوبے میں لائبریری، کیفے اور دیگر عوامی سہولیات شامل کی گئیں، جبکہ شاہ شمس پارک کی بحالی کے لیے نجی شعبے کے اشتراک سے تقریباً 80 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے سرکاری وسائل کے ساتھ نجی شعبے کی شراکت داری بھی ناگزیر ہے۔ ہر سول سرونٹ کو اپنی سروس کے دوران کم از کم پانچ ایسے منصوبے ضرور شروع کرنے چاہئیں جو اس کی ذاتی کاوش، وژن اور عوامی خدمت کے جذبے کا نتیجہ ہوں۔

کمشنر ملتان نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ سسٹین ایبلٹی کو اچھے کام نہ کرنے کا جواز نہیں بنانا چاہیے بلکہ ہر افسر کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ عہدے اور اختیارات عارضی ہوتے ہیں، اصل پہچان وہ مثبت تبدیلی ہے جو ایک افسر عوام کی زندگیوں میں پیدا کرتا ہے۔