اسلام آباد۔4 نومبر (اے پی پی):وزیراعظم آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی )اور انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس(آئی سی ای ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ-ایل او آئی) پر دستخط کیے گئے۔ اس تعاون کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور جدید مہارتوں کے حصول کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
دستخطی تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے بطور گواہ شرکت کی، جبکہ انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان اکرم، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید شہباز شمسی اور دونوں اداروں کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس(آئی سی ای )پاکستان، برطانیہ کی معروف جامعات اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے بین الاقوامی معیار کے فاؤنڈیشن، انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز پیش کر رہا ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، مثبت سرگرمیوں اور ماحولیاتی شعبوں میں مواقع فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانا اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو مؤثر بنانا ہے۔
اس تعاون کے تحت باصلاحیت اور مستحق طلبہ و اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی مزید بہتر بنا سکیں۔ ان اسکالرشپس کے تحت متعلقہ تعلیمی پروگرام کی مقررہ مدت کے لیے ٹیوشن فیس کا 100 فیصد خرچ فراہم کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو وسعت دینا اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ اسکالرشپس کے لیے امیدواروں کا انتخاب تحریری داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اسکالرشپس کے علاوہ دونوں ادارے کیریئر کونسلنگ، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، انٹرن شپ کے مواقع، بین الاقوامی تعلیمی سرگرمیوں اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا نہایت اہم ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس(آئی سی ای) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان اکرم نے کہا کہ آئی سی ای بین الاقوامی معیار کی تعلیم، میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کے ذریعے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ اشتراک دونوں اداروں کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ ایک باصلاحیت، ہنرمند اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔











