وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کے وفد سے ملاقات، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے عزم کا اعادہ

9

اسلام آباد،04 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی، صنعتی مسابقت میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔

بدھ کو پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) کے چیئرمین ریحان نسیم بھراڑہ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی کارکردگی، برآمدات کے فروغ اور کاروباری ماحول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی میں برآمدی شعبے کا اہم کردار ہے، جبکہ عالمی اقتصادی تبدیلیوں کے پیش نظر کاروباری اداروں کو جدت، پیداواری صلاحیت، جدید ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی منڈیوں میں اپنی مسابقت مزید بہتر بنا سکیں۔

ملاقات میں برآمدکنندگان کو درپیش کاروباری سہولیات، توانائی کی لاگت اور مالی وسائل تک رسائی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی بہتری اور بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔

وفد کے ارکان نے عالمی تجارت میں بدلتی صورتحال، پاکستانی برآمدی صنعت کی مسابقت بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے حکومت اور صنعتی شعبے کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے برآمدات پر مبنی ترقی کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک سے صنعتی جدیدیت، کاروباری استعداد اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

ملاقات میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، پی ٹی ای اے کے سابق چیئرمین و گروپ لیڈر خرم مختار، عارف احسان ملک، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضیاء علمدار اور پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سہیل افضل سمیت دیگر نمائندے شریک ہوئے۔ وفاقی سیکرٹری تجارت اور وزارت خزانہ و ٹیکس پالیسی آفس کے سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔