فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات

5

راولپنڈی، 06 نومبر (اے پی پی ): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے   جمہوریہ سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (پولیس) بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں  ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، خصوصاً  سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں۔

معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔