اسلام آباد،7 نومبر ( اے پی پی):اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ، پاکستان کل دوسرے میچ میں بھارت کے مدمقابل ہوگا۔ ون ڈے میچ مسقط کے الامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان نے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
پاکستان نے افتتاحی میچ میں جمعہ کو متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دی۔ متحدہ عرب امارات کے ساتھ میچ میں عثمان خان نے ناقابلِ شکست سنچری سکور کی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر عثمان خان نے 120 گیندوں پر 139 رنز بنائے۔ عثمان خان کی اننگز میں 21 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
میچ کے بعد عثمان خان کی پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کی رہنمائی میں اچھی پریکٹس کا موقع ملا، آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بیٹنگ کے دوران حکمت عملی سادہ رکھی۔











