لاہور،29 اکتوبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز میں حصہ لینے والی پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اور مینجمنٹ سٹاف کے اعزاز میں شاہی قلعہ لاہور میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے عالمگیری دروازے پر تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا استقبال کیا، جبکہ دیوانِ خاص میں مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں، ڈھولیچی گروپ کی شاندار پرفارمنس اور رنگیلا رکشہ کی سواری نے غیر ملکی مہمانوں کو سحر انگیز کر دیا۔ تقریب کے دوران کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال، حضوری باغ، دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کا دورہ کرا کے شاہی قلعہ کی تاریخی حیثیت سے آگاہ کیا گیا، جس میں تمام مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے اور یہاں کی قوم کرکٹ کے کھیل سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔ تقریب میں سری لنکا کے سفارتکاروں، چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، رمیز راجہ، سابق کرکٹرز، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام مہمانوں کے اعزاز میں شاہی عشائیہ بھی دیا گیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کو ناقابلِ فراموش اور یادگار قرار دیا اور لاہور سے خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جانے کا اظہار کیا۔











