اسلام آباد،7 نومبر ( اے پی پی): پاکستان کے ابھرتے ہوئے جونیئر ٹینس کھلاڑی ابوبکر طلحہ ڈنلوپ روڈ ٹو دی آسٹریلین اوپن جونیئرز 2027 میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے۔
ابوبکر طلحہ اپنے کوچ شہزاد خان کے ہمراہ جاپان کے شہر یوکائیچی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ 8 سے 12 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے ممتاز بین الاقوامی ٹورنامنٹ ڈنلوپ روڈ ٹو دی آسٹریلین اوپن جونیئرز 2027 میں شرکت کریں گے۔
یہ بین الاقوامی جونیئر ٹینس ایونٹ ڈنلوپ، جو آسٹریلین اوپن کا آفیشل بال پارٹنر ہے، جاپان ٹینس ایسوسی ایشن اور ٹینس آسٹریلیا کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور دنیا کے ممتاز ترین جونیئر ٹینس ایونٹس میں سے ایک میں شرکت کا موقع حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
ٹورنامنٹ کے ہر ایونٹ کے سنگلز مقابلوں کے فاتح کھلاڑی کو آسٹریلین اوپن جونیئر چیمپئن شپ 2027 کے مین ڈرا سنگلز میں وائلڈ کارڈ دیا جائے گا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف کی پوری انتظامیہ نے ابوبکر طلحہ اور ان کے کوچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ابوبکر کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
صدر پی ٹی ایف عاصم الحق قریشی نے سفری ویزے کے حصول کے لیے مختصر ترین وقت میں بھرپور تعاون اور سہولت فراہم کرنے پر پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے اور سفیرِ جاپان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
عاصم الحق قریشی نے اس دورے کی سرپرستی اور مالی معاونت کرنے پر بارڈ فاؤنڈیشن جبکہ جونیئر ٹینس کے فروغ، ترقی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر اے سی ای ٹینس اکیڈمی پاکستان کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔











