اسلام آباد،08نومبر(اے پی پی ):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی اور بدامنی کے دوران بہت قربانیاں دی ہیں، ہم نے لاشیں اٹھائی ہیں لیکن اب لاشیں اٹھانے کا وقت ختم ہو چکا ہے، اب خیبر پختونخوا میں خوشحالی، ترقی، امن اور روشن مستقبل کا وقت ہے۔ صوبے کے باصلاحیت نوجوان نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ دوسرے پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 کی اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں، توانائی اور ہنر سے مالا مال ہیں مگر بدقسمتی سے ماضی میں نوجوانوں کی توانائی اورصلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کرنے کے بجائے انہیں دھرنوں اوراحتجاجی سیاست کی طرف دھکیلا جاتا رہا۔ ہماری ترجیح نوجوانوں کو ایسی مثبت، تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے جہاں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ان کے مستقبل کو روشن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کے لیے استعمال کریں گے۔ خیبر پختونخوا کا نوجوان ہر شعبے میں اپنی قابلیت منوانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہمیں اس صلاحیت کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔
گورنر نے کہا کہ اس نوعیت کے سیاحتی، ثقافتی، کھیلوں اور فیملی فیسٹیولز کا انعقاد خیبر پختونخوا میں بھی ہونا چاہیے تاکہ صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے، مقامی ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کو فروغ ملے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت اور سینٹورس گروپ کے چیف ایگزیکٹو سردار یاسر الیاس خان سے خصوصی درخواست کی کہ آئندہ اس نوعیت کے شاندار ایونٹس خیبر پختونخوا میں بھی منعقد کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا مہمان نوازی، محبت، ثقافت اور قدرتی حسن کی سرزمین ہے۔ صوبے میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اب وہاں خوشحالی و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونا چاہیے۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے فیسٹیول کے انعقاد، کامیابی اور مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد، منتظمین اور شرکاء کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ان کی کارکردگی اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں انعامات، شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔











