تین روزہ ٹوارزم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

16

 

اسلام آباد،08نومبر(اے پی پی ): اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں جاری تین روزہ پاکستان ٹورازم، اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول منفرد سرگرمیوں کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

پاکستان کے سب سے بڑے ٹوارزم فیسٹیول نے پاکستان کی خوبصورتی، ثقافت اور تفریح کے رنگ ایک ہی جگہ جمع کیے، جہاں ایک طرف تھے آرٹ کرافٹ اور منفرد پروڈکٹس کے سٹالز اور دوسری طرف تھے روایتی اور لوگوں کے پسندیدہ کھانوں کے سٹالز۔ بچوں کے لیے پلے اور ایکٹیوٹی ایریا بھی مختص کیا گیا تھا جبکہ لوک ڈانس اور موسیقی، میوزیکل ایوننگز، کانسرٹس، آتش بازی، فلائنگ لینٹرن، ٹینٹ پیکنگ، ہیوی بائیک اور کار شو دیکھنے والوں کا رش لگ گیا۔

فیسٹیول میں ایڈونچر ٹوارزم کی سرگرمیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں جن میں پیراگلائیڈنگ ،پیرا موٹر فلائنگ، ہاٹ ایئر بلون، ہارس رائڈنگ، سائیکلنگ شامل ہیں۔

فیسٹیول میں ڈپلومیٹک کمیونٹی کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے جس میں مختلف ممالک نے اپنے ثقافتی ورثے، اپنی سیاحت ،روایات اور اپنے کھانوں کی منفرد انداز میں عکاسی کی۔ فیسٹیول میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی سٹالز بھی موجود تھے۔

یہ فیسٹیول پاکستان ٹورزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی),  وزارت بین الصوبائی رابطہ، سی ڈی اے اور پاکستان ہینگ گلائیڈنگ اینڈ پیراگلائیڈنگ ایسوسییشن (PHPA) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔