خواتین کے بغیر معاشرتی ترقی ناممکن ہے، قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں

8

 

قصور ،08 نومبر(اے پی پی )؛قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں گورنمنٹ ہائی سکول بوائز میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے خطاب میں کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ خواتین کو تعلیم، روزگار اور ہنر کے یکساں مواقع دیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے جدید تعلیم کے ساتھ فنی اور تکنیکی مہارتوں کے مواقع بھی دینا ضروری ہیں۔انہوں نے کھڈیاں خاص میں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے حوالے سے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ علاقے کی خواتین کو اپنے ہی شہر میں جدید فنی تعلیم اور ہنر سیکھنے کے مواقع ملیں۔قائمقام گورنر پنجاب نے خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے باقاعدہ نمائش کے انعقاد کا بھی اعلان کیا، جس کے ذریعے خواتین اپنی تیار کردہ مصنوعات اور ہنر عوام کے سامنے پیش کر سکیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھڈیاں خاص اور گردونواح کی خواتین کو تعلیم، ہنر اور خود روزگاری کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔