‎سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں ”فتنہ الخوارج” کے ٹھکانوں کا خاتمہ کر دیا،آئی ایس پی آر

14

راولپنڈی ،9نومبر  (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں ”مزک” میں ایک انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)  کے مطابق یہ کارروائی بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ”فتنہ الخوارج” کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کی گئی، جس کے دوران مساجد کے اندر قائم دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا۔

اس کارروائی میں تیار شدہ دیسی ساختہ بموں  کا ایک بڑا ذخیرہ، دھماکہ خیز مواد بنانے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر مساجد میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے اور وہ وہاں ”ٹارچر سیل”بھی چلا رہے تھے۔بھارت کے آلہ کار ”فتنہ الخوارج” کی جانب سے عبادت گاہوں کی یہ قابلِ مذمت بے حرمتی، اسلام کی بنیادی تعلیمات سے ان کی مکمل بے اعتنائی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی معاونت کرنے والے ان خارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔  ان کی جانب سے ہمارے عظیم مذہب کی ، کی جانے والی مسخ شدہ تشریح اور غلط استعمال ناقابلِ قبول ہے، اور خیبر پختونخوا اور پاکستان کے غیرت مند اور نیک عوام اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارت کی سرپرستی والے دہشت گردوں کے کسی بھی دیگر ٹھکانے کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی جانب سے ”سینیٹائزیشن آپریشن” جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ  عزمِ استحکام (جسے نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی نے منظور کیا تھا) کے وژن کے تحت، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔