ڈی سی ایبٹ آبادسروس ڈیلیوری سینٹر (ایس ڈی سی) مین جدید ون بٹن ایمرجنسی کمپلینٹ سسٹم متعارف کرادیا

27

ایبٹ آباد۔ 09 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری محکموں میں شفافیت و جوابدہی یقینی بنانے کے لیے سروس ڈیلیوری سینٹر (ایس ڈی سی) میں جدید ون بٹن ایمرجنسی کمپلینٹ سسٹم متعارف کرا دیا،نئے نظام کے تحت شہری انتقالات،فرد کے اجراء اور محکمہ مال سے متعلق دیگر خدمات میں مشکلات یا شکایات کی صورت میں ایمرجنسی بٹن دبا کر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے براہ راست ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر سکیں گے،نظام کو ڈسٹرکٹ نرو سینٹر سے بھی منسلک کیا گیا ہے تاکہ ڈپٹی کمشنر کی عدم موجودگی میں نامزد افسر شکایات وصول کرکے فوری کارروائی یقینی بنا سکے،انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے وژن اور کمشنر ہزارہ ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے،ابتدائی طور پر ایس ڈی سی ایبٹ آباد میں شروع کیے گئے اس نظام کو دوسرے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت دیگر ایسے سرکاری مراکز تک توسیع دی جائے گی جہاں عوامی شکایات زیادہ موصول ہوتی ہیں،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو براہ راست رسائی،فوری ریلیف اور سرکاری خدمات کی فراہمی میں موثر جوابدہی میسر آئے گی۔