اسلام آباد،9نومبر(اے پی پی): جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہو گیا ہے۔
اس عالمی چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے 17 ممالک کے مجموعی طور پر 62 ابھرتے ہوئے جونیئر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل ہیں۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس چیمپئن شپ میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور میزبان پاکستان کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ ایونٹ جونیئر ٹینس کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے اور ورلڈ ٹینس ٹور جونیئر رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن (آئی ٹی اے) کے چیئرمین طارق مرتضیٰ نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، آئی ٹی اے کے سیکریٹری طفیل چیمہ اور خزانچی احسن زیدی بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ کے بوائز سنگلز کے مقابلے راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت آٹھ گروپس میں کھیلے جا رہے ہیں، جہاں ہر گروپ کی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والا کھلاڑی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا۔مین ڈرا کے پہلے روز پاکستان کے لیے نتائج حوصلہ افزا رہے، جہاں پانچ پاکستانی کھلاڑیوں عبدالباسط، حمزہ رومان، ریان خان، ایم حسن عثمانی اور احتشام ہمایوں نے اپنے اپنے میچز جیت کر گروپس میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر لی۔
بوائز سنگلز کے پہلے راؤنڈ کے میچز میں پاکستان کے عبدالباسط نے سنگاپور کے برینن این جی کو 6-4، 1-6 اور (10-5) سے شکست دی۔ حمزہ رومان نے تھائی لینڈ کے تاچاتم سریسن کو 6-1 اور 6-0 سے، ریان خان نے قازقستان کے سنژار بولات کو 6-4 اور 6-2 سے جبکہ احتشام ہمایوں نے تھائی لینڈ کے پٹینان جتورونروج کو 6-1 اور 6-4 سے ہرایا۔ ایک اور پاکستانی مقابلے میں ایم حسن عثمانی نے عامر مزاری کو 7-5 اور 6-2 سے شکست دی۔
دیگر بوائز میچوں میں تھائی لینڈ کے فاسین سنچالونگ، سری لنکا کے جین ڈی سارم اور آہل کلی، تھائی لینڈ کے تھیراپت سمریت وانیچا، روس کے نکیتا ڈوگاڈین اور ڈینیئل الیاس، بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوٹسکی، سری لنکا کے ریحان گوناوردھنا، چین کے یوپئی لیانگ، جرمنی کے جیکب لیٹسچ اور تھائی لینڈ کے ناپت پٹانالرتفان نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔
گرلز سنگلز کے پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں تھائی لینڈ کی پلویپیتھ ڈاؤنکھیاؤ نے سری لنکا کی گتھمی ریانا فرنینڈو کو 6-1 اور 6-1 سے، جبکہ تھائی لینڈ کی انیاوی پیسارن پانوونگ نے قازقستان کی ڈینیلیا بیسیبائیوا کو 6-1 اور 6-2 سے ہرایا۔ چین کی ڈائشی ہو نے قازقستان کی ملانا وروبیوا کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ قازقستان کی پولینا سوشکووا نے پاکستان کی حاجرہ سہیل کو 6-0 اور 6-1 سے، قازقستان کی زینیا سیمینووا نے روس کی ماریہ مارکویچ کو 6-4 اور 6-1 سے، جبکہ بنگلہ دیش کی یانا چوہدری نے پاکستان کی عنایہ خان کو 6-1 اور 6-0 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے اگلے راؤنڈ کے مقابلے کل صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے۔











