ایس سی او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے زیر تعمیر ہوٹلز جلد مکمل کیے جائیں، محسن نقوی کی ہدایت

8

اسلام آباد،10نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس سی او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بہتر بنانے کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ایس سی او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں، ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطے میں رہا جائے، ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور معیار میں بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں جبکہ مقامی ہوٹلز کو بین الاقوامی ہوٹل چین کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط قائم کیے جائیں، اور متعلقہ حکام ہوٹلز مالکان اور بین الاقوامی ہوٹلز چین کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں۔

اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تیار کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کیے جائیں، اور نئے ہوٹلز کے فعال ہونے پر تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس سی او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے، آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔