وزیراعظم  شہباز شریف کوپ 31 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکیہ روانہ

11

لاہور،10نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کوپ 31 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکیہ روانہ ہو گئے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی  کی 31ویں کانفرنس (COP-31) کے عالمی رہنمائوں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے 10 سے 12 نومبر 2026ء تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی  بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم 11 نومبر  کو سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرہ ارض کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مستحکم، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی کی ضرورت پر بھی گفتگو کریں گے۔

دورے کے دوران ان کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔کوپ 31 کے عالمی رہنمائوں کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے عالمی ایجنڈے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔یہ دورہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کے اعادے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔