ممتاز دانشور، کالم نگار، شاعر اور سینیٹ میں سابق پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کی پہلی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

10

اسلام آباد،10نومبر  (اے پی پی):ممتاز دانشور، کالم نگار، شاعر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں سابق پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کی پہلی برسی کے موقع پر منگل کو  تعزیتی ریفرنس   کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ریفرنس میں اراکین پارلیمنٹ، سینئر صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کی صحافتی ، ادبی اور سیاسی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ  عرفان صدیقی اپنے نظریہ پر جم کر کھڑے ہوتے تھے لیکن گفتگو میں شائستگی اور خوش اخلاقی برقرار رکھتے تھے جو ایک بہت بڑی خوبی ہے،10 بہترین پارلیمنٹیرینز میں شامل تھے، ان کا سب سے بڑا وصف تحمل اور ٹھنڈا مزاج ہونا تھا جس کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے، مجھے امید ہے کہ ان کے بچے ان کا مشن جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے سے ان کے کالم پڑھا کرتا تھا، سیاست میں آنے کے بعد ان سے دوستی ہو گئی، وہ ایک بہت باصلاحیت شخص تھے، ایک بہترین استاد، منفرد کالم نگار اور کامیاب سیاستدان کے طور پر انہوں نے خود کو منوایا، سیاسی سفر میں بھی انہوں نے بہت رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مدد کی، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے وزیر کے طور پر انہوں نے مثالی کام کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ عرفان صدیقی کا ہر شاگرد یہ کہے گا کہ میں ان کے بہت قریب تھا، وہ اپنے شاگردوں پر فخر کرتے تھے، یہ ان کی محبت تھی، وہ پائے کے لکھاری تو تھے ہی لیکن سیاست میں بھی انہوں نے منفرد نقش چھوڑا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ عرفان صدیقی سے 38 سال کا تعلق رہا، ان جیسا ذہین اور بہترین لکھاری ملنا مشکل ہے، انہوں نے تعلیم کے حوالے سے بھی بہت کام کیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عرفان صدیقی سے میرا تعلق پیر اور مرید والا تھا، ان سے بہت سیکھا ہے۔ عرفان صدیقی کے بیٹے اور مشیر وزیراعلیٰ   پنجاب عمران خاور صدیقی نے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد میں تعاون پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں عرفان صدیقی کمال تک پہنچے، وہ ہر دلعزیز استاد تھے اور آخری دم تک انہوں نے اپنے شاگردوں کو عزیز اور قریب رکھا،سیاست میں آ کر بھی انہوں نے تحمل، برد باری اور شائستگی کی اپنی روایت برقرار رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بچوں کا  اپنے والد سے تعلق دوستانہ رہا، 16 کتابیں انہوں نے لکھیں لیکن کبھی فیملی اور سماجی تعلقات پر اس کا اثر نہیں پڑنے دیا، عرفان صدیقی پر ایک ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر ان کی تصانیف، انٹرویوز اور تقاریر موجود ہوں گی۔ سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے عرفان صدیقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام سے پارلیمانی ایوارڈ کا اجرا ء کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق عادل نے کہاکہ عرفان صدیقی ظرف اور برداشت والے انسان تھے، تدریس، کالم نگاری اور سیاست کے شعبوں میں وہ کامیابی کی مثال بنے۔ اس موقع پر ممتاز شاعر رحمن فارس نے نظامت کی ذمہ داری نبھائی جبکہ حافظ نسیم خلیل نے تلاوت اور آغا نظام خلجی نے نعت پیش کی۔ خطہ پوٹھوہار کی معروف روحانی شخصیت پیر آغا جی سرکار نے سینیٹر عرفان صدیقی کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔ پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے صدر محمد اعجاز الحق، سینیٹر شہادت اعوان، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کے علاوہ صحافیوں، دانشوروں، عرفان صدیقی کے اہلخانہ، دوستوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی ریفرنس میں شرکت کی۔