پاکستان کا جنوبی سوڈان میں امن معاہدے پر عمل درآمد اور مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور

4

اقوامِ متحدہ، 10 نومبر 2026: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے جنوبی سوڈان میں امن عمل کو برقرار رکھنے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے مسلسل سیاسی روابط، مذاکرات اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سلامتی کونسل میں اقوامِ متحدہ کے مشن برائے جنوبی سوڈان  پر بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظرثانی شدہ امن معاہدہ  جنوبی سوڈان میں قیامِ امن اور سیاسی انتقالِ اقتدار کے لیے واحد قابلِ عمل متفقہ فریم ورک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 22 دسمبر کو مجوزہ انتخابات کو امن عمل کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ اس کے اختتام کے طور پر۔

ملک میں جاری جھڑپوں اور بین الجماعتی تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفیر حیدر شاہ نے فوری طور پر مخاصمت کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کا مشن برائے جنوبی سوڈان کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس کے مینڈیٹ کی مؤثر تکمیل، مطلوبہ عملی استعداد، نقل و حرکت کی آزادی اور امن اہلکاروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے جونگلی میں 24 اگست کو اقوام متحدہ کا مشن برائے جنوبی سوڈان کے گشتی دستے پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی، جس میں ایتھوپیا کے امن اہلکار جان سے گئے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں پر حملوں کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سفیر حیدر شاہ نے افریقی یونین، آئی جی اے ڈی ، پانچ افریقی ممالک کے گروپ 5سی اور سابق صدر جاکایا کیکویتے کی مسلسل سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امن کے قیام میں علاقائی تعاون کو مرکزی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر حیدر شاہ نے اقوام متحدہ کا مشن برائے جنوبی سوڈان کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ جنوبی سوڈان میں پائیدار امن اور استحکام کا حصول مذاکرات، نظرثانی شدہ امن معاہدے پر عمل درآمد اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے ہی سے ممکن ہے۔