مسقط،11 نومبر (اے پی پی): عمان میں تعینات پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کی اور جاری اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
ملاقات کے دوران ہیڈ کوچ شاہد انور نے پاکستانی سفیر کو ٹورنامنٹ میں ٹیم کی اب تک کی کارکردگی، کھلاڑیوں کی تیاریوں اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔سفیر سید نوید صفدر بخاری نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے جذبے اور کھیل کے معیار کی تعریف کی اور آئندہ میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کل ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوگی، جس کے لیے قومی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔











