پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کل بنگلہ دیش روانہ ہوگی،  ایونٹ 14 سے 20 نومبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا

6

لاہور، 11 نومبر ( اے پی پی): پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کل بنگلہ دیش روانہ ہوگی جہاں 14 سے 20 نومبر تک ڈھاکہ میں شیڈول اس ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

ایونٹ میں روانگی سے قبل قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک پروقار سینڈ آف تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ، پی سی بی ڈائریکٹر ڈومیسٹک اور اسپانسر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے مالی معاونت فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسپانسرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم دو مرتبہ کی ون ڈے ورلڈ چیمپئن اور دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن رہ چکی ہے اور اس بار بھی ٹیم کی بھرپور تیاریوں کو دیکھتے ہوئے قوی امید ہے کہ کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کھلاڑیوں کے کھیل کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ ایل ڈی اے سٹی میں دنیا کا پہلا مخصوص بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم بھی مل چکا ہے جو کھیل کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔