وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور سنگاپور کے نائب وزیراعظم و وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گن کم یونگ کے درمیان ملاقات

2

سنگاپور،18 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور سنگاپور کے نائب وزیراعظم و وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گن کم یونگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سنگاپور کے مابین اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کی طویل تاریخ اور بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطحی روابط کو اہم قرار دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس،مصنوعی ذہانت،فن ٹیک، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کے لیے سنگاپور کی منڈی میں رسائی بڑھانے اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے امور بھی زیر غور آئے۔ وزیر خزانہ نے سنگاپور کو آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت کے تناظر میں باہمی تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن کی امید ظاہر کی۔

پاکستان کی ہائی کمشنر برائے سنگاپور رابِعہ شفیق بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ سینیٹر محمد اورنگزیب سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول میں شرکت کے لیے سنگاپور کے دورے پر ہیں۔