اسلام آباد،18نومبر(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے قیمتی پتھروں کے شعبے سے متعلق وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی جیم اسٹونز انڈسٹری کی ترقی،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ویلیو ایڈیشن اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی استعداد سے بھرپور استفادے اور اسے ایک مضبوط برآمدی صنعت میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور قیمتی پتھروں کے حوالے سے وسیع صلاحیتوں کا حامل ہے،جن سے استفادہ کرکے صنعتی ترقی، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے قیمتی پتھروں کی کٹنگ، فنشنگ، پالشنگ اور جیولری مینوفیکچرنگ سمیت ویلیو ایڈیشن کے عمل کو ملک میں فروغ دینے اور جدید ٹیکنالوجی و بین الاقوامی بہترین طریقہ ہائے کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری، فنی تربیت، جدید پروسیسنگ، معیار کی سرٹیفکیشن اور مقامی صنعت کی استعداد بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔
ہارون اختر خان نے تھائی لینڈ اور سری لنکا کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے ساتھ تعاون سے ٹیکنالوجی کی منتقلی،مقامی ہنرمندوں کی تربیت اور پیداواری صلاحیت میں اضافے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے پاکستانی قیمتی پتھروں کو عالمی منڈیوں میں بہتر شناخت دلانے اور انہیں برانڈ پاکستان کے تحت متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفد نے قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ، فنی مہارتوں کی ترقی اور صنعتی تعاون کے حوالے سے بین الاقوامی تجربات اور ممکنہ اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی جیم اسٹونز انڈسٹری کی ترقی کے لیے تکنیکی اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے میں مشترکہ دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔











