اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ماربل اور گرینائٹ صنعت کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے اور اس کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے قومی ماڈل پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔
ماربل ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماربل پالیسی کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، مؤثر کان کنی، بہتر پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اس شعبے کو ترقی دینا ہے۔ پالیسی میں کان کنی سے لے کر پروسیسنگ، پالشنگ اور برآمدات تک پوری ویلیو چین کو شامل کیا جائے گا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ماربل اور گرینائٹ کی صنعت میں جدید مشینری، ہنرمند افرادی قوت، معیاری لیبارٹریز اور جدید سرٹیفکیشن کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ پیداواری معیار بہتر بنانے کے ساتھ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ماربل اور قدرتی پتھروں کے شعبے میں سرمایہ کاری اور برآمدات کے وسیع امکانات رکھتا ہے، جن سے استفادہ کرنے کے لیے بین الاقوامی خریداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صنعتی انفراسٹرکچر اور لاجسٹک سہولیات کی بہتری کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ اطالوی ماہرین کا دورہ پاکستان ماربل صنعت میں جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور صنعتی استعداد کے فروغ کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ اطالوی وفد کو کان کنی اور پروسیسنگ کے مراکز کا دورہ بھی کرایا جائے گا تاکہ صنعت کی ضروریات اور امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے صنعت سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تجاویز متحد ہو کر پیش کریں تاکہ ان کی قابلِ عمل سفارشات کو پالیسی میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو مالی سہولیات، جدید مشینری اور ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا بھی صنعت کی ترقی کے لیے اہم ہے۔
ہارون اختر خان نے ماربل صنعت کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے بین الاقوامی ماربل ایکسپو کے انعقاد کی تجویز پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں تمام اہم اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی قابلِ عمل پالیسی مرتب کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ماربل اور گرینائٹ کی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی برآمدات کے فروغ میں معاون ثابت ہو۔











