راولپنڈی، 18 نومبر (اے پی پی): پاکستان آرمی نے بدھ کوفتح-3 سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، جو قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ یہ ہتھیاروں کا نظام جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے اور سپر سونک رفتار سے طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مہلک انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح-3 پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور اسٹرائیک رینج میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کی مجموعی روایتی ڈیٹرنس اور دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاکستان مسلح افواج کے سینئر افسران کے ساتھ سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر اور وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-3 کے کامیاب تجربے کو سراہا اور پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل کے حصول میں حصہ لینے والے تمام افراد کی لگن اور عزم کو سراہا۔











