موجودہ دور حکومت میں نوجوانوں کو حصولِ تعلیم اور روز گار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

240

اسلام آباد ،10دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں قوم کو اپنے نوجوانوں سے بڑی توقعات وابستہ ہیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے نوجوانوں کو اپنی تمام تر توانائیاں حصول تعلیم پر مرکوز کرنا ہوں گی  ۔ ان خیالات کا اظہار  ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی  نے بلوچستان ریذی ڈینشنل کا لج لورا لائی کے اساتذہ اور طلبا کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤ س میں ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی ۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور اسے ملک کے دوسر ے صوبوں کے برابر لانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان میں بہتری آئے گی اور بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی تعلیم حاصل کرنے اور روز گار کے وہ مواقع ملیں گے جو دیگر صوبوں کے نوجوانوں کو حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے بلوچستان میں تعلیمی ادارے تباہ ہوئے اور بڑی تعداد میں پروفیسر ڈاکٹر ،طلبا اور عالم دین شہید ہوئے ۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بیروز گاری او رغربت کی وجہ سے بہت سے نوجوا نوں اچھے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع نہیں ملتے ۔ موجودہ حکومت بلوچستان میں نئے تعلیمی ادارے خصوصا ٹیکنیکل تعلیم ادارے کھولنے پر توجہ دے رہی ہیں۔انہوں نے ریذی ڈینشنل کا لج لورا لائی کے تعلیمی معیار کو سر اہتے ہوئے کہا کہ ریذی ڈینشنل کا لج لورا لائی ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے اور اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کی ایک بڑی تعداد ملک بھر میں مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔
ڈپٹی سپیکرنے طلبا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ کرپشن اور بدانتظامی ہے ،کوئٹہ شہر میں 250سو سے زائد ٹیوب ویل نصب کیے گئے جو بند پڑے ہیں او رشہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔

 قاسم خان سوری  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ 5برسوں میں آپ کو بلوچستان کے حالات میں واضح فرق نظر آئے گا ۔

اے پی پی /صائمہ/شاہ زیب

 وی این ایس اسلام آباد