جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ساہیوال واقعہ میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنائیں گے:وزیر مملکت برائے داخلہ

196

اسلام آباد ،21 جنوری 2019 ( اے پی پی ) : وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے ساہیوال واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی رپورٹ کے بعد ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائیں گے،سانحہ ماڈل ٹائون،نقیب اللہ محسود سمیت دیگر واقعات کو فوجی عدالتوں کے حوالے کیاجائے،دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا ۔

قومی اسمبلی میں ساہیوال واقعے پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ماضی میں کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ایف آئی آر تک نہیں کاٹی گئی، فوج کو کلبھوشن کے خلاف کارروائی کے لیے آگے  بڑھنا پڑا ،پاکستان دشمن قوتیں نوجوانوں کا برین واش کر رہی ہیں ۔ جس سیاسی جماعت میں ایک بھی مسلح رکن ہو اس کی رکنیت ختم کر دی جائے ، انہوں نے کہا کہ راؤ انوار عدالتی فیصلے کی وجہ سے باہر ہیں، آئیں تمام مسائل پر بات چیت اور حل کے لیے کمیٹی بنا دیں۔وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ  طاہر داوڑ کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی قائم ہوگی، اس کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے ہم بھاگنے والے نہیں،محسن داوڑ اور علی وزیر جہاں کہیں گے ان کے ساتھ جاؤں گا، جس افسر نے پشتونوں کی تذلیل کی انہیں مثال بنا دیں گے ،آج اسپیکر قومی اسمبلی سمیت گیارہ وزیر پٹھان ہیں ، یہ نہ کہا جائے کہ پٹھانوں پر ظلم ہو رہا ہے ۔

اے پی پی /صائمہ/طاہرمحموداعوان

وی این ایس اسلام آباد