پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث کشمیر کا ایشو عالمی طور پر اجاگر ہوا: پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز

232

ریاض،09مارچ(اے پی پی ):سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث کشمیر کا ایشو عالمی طور پر اجاگر ہوا ہے اور عالمی برادری کشمیر میں ہونے والے ظلم وستم کا نوٹس لے رہی ہے اور مسئلے کا حل نکالنے پر زور دے رہی ہے ۔

سعودی دارلحکومت ریاض میں کشمیر انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب میں  پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ پاک بھارت کے مابین کشیدہ حالات کو کم کرنے میں سعودی عرب کا بھی اہم کردار رہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ائیر فورس کے پائلٹ ابھینندن کو رہا کرنے کے فیصلے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب جو دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے اس کو پوری دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے بھارت کو کشمیر ایشو پر مذاکرات کی میز پر آکر خطے میں قیام امن کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ۔

کشمیر انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر سردار عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا رشتہ پاکستان کے ساتھ کلمے کی بنیاد پر ہے اور ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جس طرح پاکستان سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے اس کو پوری کشمیری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

و ی این ایس ، ریاض