صدرِ مملکت کا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلیئے ٹریفک پولیس آفس کا دورہ

456

اسلام آباد 15 فروری (اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے ڈرائیورنگ لائسنس کے حصول کے لیے بدھ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس آفس کا دورہ کیا ۔ صدر عام شہری کی طرح ڈرائیورنگ لائسنس کے حصول کیلئے معمول کے تمام طریقہ کار سے گزرے۔صدر مملکت نے اپناٹوکن نمبر0441 خود حاصل کیا اور متعلقہ سوالات کے جوابات بھی دیے۔ انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیت، دیانتداری اور عوام دوستانہ خدمت کی تعریف کی۔ صدر نے اس بات کو سراہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے درخواست گزاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے طبی معائنہ ، فوٹو گرافر اور معمول کی فیس کی وصولی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر طرح عام لوگوں کی سہولت کا عزم کررکھا ہے۔اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین عوام میں گھل میں گئے اور خیریت دریافت کی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس آفس آمد پر آئی جی اسلام آباد ، ایس ایس پی ٹریفک نے صدر مملکت کا خیر مقدم کیا اور اپنے دفتری امور کے متعلق آگاہ کیا۔

 

صدرمملکت ممنون حسین نے اس سے قبل کراچی سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھالیکن اب انہوں نے اسلام آباد سے لائسنس کی تجدید کرائی ہے ۔ اس سلسلے میں کراچی ٹریفک پولیس نے قانون کے مطابق این او سی جاری کیا۔

اے پی پی حمزہ/وی این ایس اسلام آباد