صدر مملکت ممنون حسین نے آرٹسٹ ویلفیر فنڈ کے تحت چالیس مستحق فنکاروں کو 8.3 ملین امداد کی منظوری دے دی

494

اسلام آباد مارچ 13 (اے پی پی):صدر مملکت ممنون حسین  نے  آرٹسٹ ویلفیر فنڈ  کے تحت  چالیس مستحق فنکاروں کو  8.3 ملین امداد کی منظوری دے دی۔ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کا سہ ماہی اجلاس صدر مملکت کی صدارت میں ایوان صدر میں ہوا جس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے اس موقع پرکہا کہ فنکار معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں جنھوں نے اپنی زندگی خوشیاں بکھیرنے  میں صرف کی اس لیے ان کی ضروریات پوری کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے ۔۔  انھوں نے کہا کہ فنکار، شاعر اور مصنف ہماری ثقافت  کے سفیر ہوتے ہیں اور  اپنی ثقافت اجاگر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس فنڈ کے قیام کا مقصد  بھی یہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے میں ضرورت مند افراد کی مدد کرنا سماجی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر ممتاز صنعت کار عارف حبیب نے آرٹسٹ فنڈ کےلیے صدر مملکت کو پچاس لاکھ روپے  عطیہ کا چیک بھی پیش کیا۔

اس موقع پر  آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان اصغر ندیم سید، اکرم دوست، عارف حبیب، ،  عطاالحق قاسمی، مصطفی قریشی، نجیب اللہ قریشی،  شاہد شفیق، قوی خان ، سلمان علوی ، زیبا  محمد علی،سائرہ کاظمی اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اے پی پی حمزہ/وی این ایس اسلام آباد