اسلام آباد جولائی 06 (اے پی پی): پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں “ایوی ایشن سٹی” کے سنگ بنیاد رکھدیا گیا. اس سلسلے آج ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال تھے. سربراہ پاک فضایہ ایئر چیف مرش سہیل امان اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان قومی ترقی کے لیے نا گزیر ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان اور موجودہ حکومت کا ویژن نوجوانون کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنا ہے یہی بہترین مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کا بجٹ 21 ارب روپے سے بڑھا کر 35.5 ارب روپے کر دیا ہے جس سے گذشتہ چار سالوں کے دوران ہائر اجوکیشن کمیشن کا بجٹ 130 فیصد تک بڑھ گیا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی اور اہم کردار ادا کیا ۔ مضبوط پاکستان کے لئے ائیر فورس کومضبوط کرنا ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی ہر بڑی ترقی یافتہ معیشت کی بنیاد جدید علم اور جدت ہے. علم پر مبنی معیشت کا راستہ اپنانا ہو گا اور تحقیق ، تنقید اور جدت پر مبنی سوچ کو پروان چڑھانا ہو گا۔ پی ڈبلیو سی کے شمارے کے مطابق اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 2030 تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں میں ہو گا ۔ حکومت نے تمام شہریوں کو اعلی تعلیم کے مساویانہ مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے تو تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوۓ ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ ایوی ایشن سٹی مُلکی ساختہ ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے کی پیداوار اور فضائی دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے منصوبے “عزم” کی طرف اہم پیش رفت۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن سٹی کا قیام حکومت پاکستان کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔ ایوی ایشن سٹی کا قیام دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ایوی ایشن سٹی کے قیام کا مقصد ہوا بازی میں جدید تکنیکی اور تحقیقی امور میں ترقی کرنا ہے۔ایوی ایشن سٹی کے شعبہ جات میں ایوی ایشن ڈیزائننگ، تحقیق شامل ہے۔ ائیر چیف سہیل امان نے کہا کہ مضبوط دفاع کیلئے ایسے اداروں کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔ایرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس آف ائیر یونیورسٹی کاقیام بھی عمل میں لارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایئر یونیورسٹی ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اسلام آباد اور کراچی میں میڈیکل ایئر یونیورسٹیز بھی قائم کی جارہی ہیں۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے اس موقع پر پاکستان ایئر فورس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایوی ایشن سٹی کا قیام ایک خواب تھا جو آج شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے.
اس سے قبل ایئر یونیورسٹی کے وکے چانسلر نے بتایا کے ایوی ایشن سٹی بنیادی طور پر دفاعی اور صنعتی اداروں اور تعلیمی شعبہ جات کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے.
بعد اذاں، مہمان خصوصی اور ایئر چیف نے ایوی ایشن سٹی کے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی.
تقریب میں پاک فضائیہ کے اعلی حکام سمیت حکومتی شخصیات، اور پاک فضائیہ کے سابق سربراہان نے بھی شرکت کی.
اے پی پی/ حمزہ/mka
وی این ایس اسلام آباد











