کوئٹہ میں مقامی قبائل کی متنازعہ اراضیات کامعاملہ افہام وتفہم سے حل کیاجائے گا

455

کوئٹہ۔07جولائی(اے پی پی)سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے دفاع کااجلاس جمعہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں کنونیئرسینیٹرلیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کی صدارت میں منعقدہوا اجلاس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر عثمان خان کاکڑ ،سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل ،سینےٹرگل بشریٰ کے علاوہ صوبائی وزیرتعلیم عبدالرحیم زیاتوال ،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ،سٹیشن کمانڈر ،سول ایوی ایشن کے نمائندوں ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ،بورڈآف ریونیوکے نمائندوں اورمقامی قبائل کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں مقامی قبائل کی اراضیات اورمعاوضہ جات کی ادائیگی کے سلسلے میں فرقین کا موقف سناگیااوربورڈ آف ریونیو حکومت بلوچستان کو 30 روز اندر مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔کمیٹی نے کہاکہ اس متعلق فیصلہ قانون کے مطابق کیاجائے اورکسی سے ناانصافی نہیں ہوگی۔اجلاس کے اختتام پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے دفاع کے کنونیئرسینیٹر لیفنینٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کاکہناتھاکہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کے نصف حصے پر پھیلاہواہے ۔انہوںنے کہاکہ آج کااجلاس انہتائی خوشگوار ماحول میں ہواقبائلی عمائدین نے بڑے اچھے انداز سے اپناموقف پیش کیاحکومت بلوچستان تمام سٹیک ہولڈر کی مشاورت سے 30 یوم کے اندر اندر ہمیں رپورٹ بیجھوادے
تاکہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے قانون کے مطابق حل ہوسکے ۔سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے اجلاس سے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ کی مذکورہ زمین مقامی قبائلی کی ملکیت ہے لہذا اس پر عوام کی ملکیت کو تسلیم کیاجائے ۔سینیٹرسردار اعظم خان موسیٰ خیل نے کہاکہ مقامی قبائل کو اعتماد میں لیے بغیر انکی زمینوں کی الائمنٹ سے گریز کیاجائے ۔صوبائی وزیرتعلیم عبدالرحیم زیاتوال نے کہاکہ اس حوالے سے قانون موجودہے یہ زمین مختلف قبائل کی ملکیت ہے تاہم صوبائی حکومت جلد اس حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کرے گی ۔ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کاکہناتھاکہ صوبائی حکومت کوجہاں سکول ہسپتال کے لیے زمین کی ضرورت ہوتی ہے وہ قبائل کی رضامند ی سے معاملات طے کرتی ہے گوادر میں 10سال قبل جس زمین کی قیمت 40 لاکھ روپے تھی آج وہ زمین کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے ۔سینیٹر فرحت اللہ بابر کاکہناتھاکہ جوزمین قبائل کی ملکیت ہے ان پر انہیں اعتماد میں لے کر اقدامات اٹھائے جائے تاکہ خوش اسلوبی سے تمام مسائل حل ہوں اورباہر ایک بہتر پیغام جائے اجلاس میں مختلف اداروں کے نمائندوں نے اپنے اپنے ادارے کی طرف سے کمیٹی کے روبرو اپنا موقف پیش کیا۔(ام)